Time 19 جنوری ، 2023
بلاگ

دعا کیلئے ہاتھ اٹھالیں

قرآن مجید کی سورہ الرعد میں کہا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کسی قوم کی حالت کو اسی حد تک بدلتا ہے جتنا کہ وہ قوم خود اپنی حالت کو بدلنا چاہتی ہے ۔اس آیت کی روشنی میں پاکستان کے حالات کا جائزہ لیں ۔ذرا اپنے دل سے پوچھئے کہ کیا واقعی ہمارے ارباب اقتدار و اختیار اس قوم کی حالت کو بدلنا چاہتے ہیں؟جی ہاں ہمارے سیاسی قائدین دعوے تو بہت کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کے حالات بدلنا چاہتے ہیں لیکن ان کے دعوئوں اور کردار و عمل میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔ یہ اربابِ اقتدار و اختیار کون ہیں؟

 آج کل تو تمام بڑی سیاسی جماعتیں ارباب اقتدار و اختیار میں شامل ہیں ۔صدر مملکت عارف علوی کا تعلق تحریک انصاف سے رہا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی سے ہیں جب کہ کابینہ میں ایک درجن سے زائد دیگر جماعتوں کی نمائندگی بھی ہے۔پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل ہو چکیں لیکن آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ابھی تک تحریک انصاف کی حکومت ہے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی اور بلوچستان میں بھی بہت سی جماعتوں کی مخلوط حکومت ہے ۔اب تو جماعت اسلامی کو بھی کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں بہت سی نشستیں مل گئی ہیں لہٰذا تمام اہم سیاسی و مذہبی جماعتیں کسی نہ کسی جگہ اقتدار و اختیار میں حصہ دار ہیں ۔جب سارے ہی شامل اقتدار ہیں تو پھر پاکستان میں سیاسی استحکام کیوں نہیں ؟اس اہم سوال کا جواب آپ کو دو واقعات پر غورکرنے سے مل جائے گا ۔

پہلا واقعہ تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ ہے ،دوسرا واقعہ سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے تحریک انصاف کے 35ارکانِ قومی اسمبلی کے استعفے قبول کرنا ہے ۔اس سے قبل سپیکر صاحب نے قومی اسمبلی کی گیارہ نشستوں پر استعفے قبول کئے تھے ۔زیادہ تر نشستوں پر عمران خان نے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا اور اکثر نشستوں پر حکمران اتحاد کو شکست سے دو چار کیا۔ اب 35 نشستوں پر استعفے قبول کئے گئے ہیں، اس مرتبہ حکمراں اتحاد ضمنی الیکشن میں حصہ لینے سے کترا گیا ہے کیوں کہ عمران خان دوبارہ مقابلے پر آگئے تو سبکی کا اندیشہ ہے ۔

ہمارے سیاسی قائدین نے اسمبلیوں اور ضمنی الیکشن کو بچوں کا کھیل سمجھ رکھا ہے جب چاہا کوئی اسمبلی توڑ دی، جب چاہا کسی کا استعفیٰ قبول کر لیا۔ یہ کوئی نہیں سوچتا کہ ضمنی الیکشن پر کروڑوں نہیں اربوں روپے خرچ ہو جا ئیں گے۔ عمران خان اور شہباز شریف ایک دوسرے کو سرپرائز دینے کے شوق میں قوم کے اربوں روپے ضائع کر رہے ہیں۔عمران خان کا خیال ہے کہ دو صوبوں کی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد شہباز شریف پر پورے ملک میں انتخابات کا دبائو بڑھے گا اور اس دبائو کو مزید بڑھانے کے لئے انہوں نے قومی اسمبلی میں واپس جانے کا اشارہ دیا۔اس اشارے سے شہباز شریف گھبرا گئے انہیں خدشہ ہوا کہ کہیں قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ نہ لینا پڑ جائے تو انہوں نے سپیکر کے ذریعے تحریک انصاف کے 35استعفے قبول کرادیئے۔

اصولی طور پر ا سپیکر کو تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی اسمبلی کے استعفے قبول کرلینے چاہئیں لیکن اسپیکر صاحب نے یہ فیصلہ قانون کے تحت نہیں بلکہ سیاسی مصلحتوں کو سامنے رکھ کر کیا ہے۔ ہمارا خیال تھا کہ اسپیکر صاحب تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں واپسی کا خیرمقدم کریں گے لیکن انہیں تحریک انصاف کی نیت میں فتور نظر آیا تو انہوں نے بھی فتور سے بھرپور سرپرائز دے دیا، ایک دوسرے کو سرپرائز دینے کے شوقین سیاسی قائدین دراصل اپنی اپنی انا کی تسکین کا سامان کر رہے ہیں ۔پچھلے ایک سال سے پاکستان میں جو سیاسی تماشا لگا ہوا ہے اس تماشے نے اہم سیاسی جماعتوں کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔اس کا ثبوت کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں نوجوانوں کی عدم دلچسپی ہے کراچی میں ٹرن آئوٹ بہت کم تھا اور کئی صحافی ساتھیوں نے مشاہدہ کیا کہ نوجوانوں نے اس الیکشن میں زیادہ دلچسپی نہیں لی۔

اس سے قبل عمران خان نے بھی اس غلط فہمی میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی کال دی تھی کہ وہ نوجوانوں میں بڑے مقبول ہیں۔26نومبر کو وہ راولپنڈی پہنچے تو لانگ مارچ کے شرکاء کی کم تعداد دیکھ کر انہوں نے وفاقی دارالحکومت پر یلغار کا ارادہ ملتوی کر دیا اور دو صوبوں کی اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کردیا۔اس اعلان پر عملدرآمد میں انہوں نے کئی ہفتے لگا دیئے اور ملک سیاسی بے یقینی کا شکار رہا۔سیاسی ہنگامہ آرائیوں اور افراتفری کے باعث پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں امتحانات بار بار ملتوی ہوئے جس کی وجہ سے طلبا و طالبات کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوا ۔رہی سہی کسر مہنگائی نے نکال دی ہے ۔پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کا پلان کسی کے پاس نہیں عمران خان نے ساڑھے تین سال میں چار اور شہباز شریف نے نو ماہ میں دو وزرائے خزانہ آزمائے۔

سب ناکامی کی داستان کے کردار نکلے ۔خان صاحب جلد از جلد انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں وہ دو تہائی اکثریت حاصل کرکے معیشت سنوارنا نہیں چاہتے بلکہ اپنے مخالفین کو ملیا میٹ کرنا چاہتے ہیں اور دوسری طرف شہباز شریف کی مخلوط حکومت قبل از وقت انتخابات سے ایسے بھاگ رہی ہے جیسے چوہا بلی کو دیکھ کر بھاگتا ہے صرف نو ماہ میں شیر کا چوہا بننا پاکستانی سیاست کا انوکھا واقعہ ہے ۔

عمران خان کا بغیر کسی معقول وجہ کے دو اسمبلیاں تحلیل کرنا اور شہباز شریف حکومت کی طرف سے 35استعفے قبول کرنا اس تلخ حقیقت کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے اہلِ اقتدار و اختیار کو عام آدمی کے مسائل کی نہ تو پروا ہے اور نہ ہی ادراک ہے ۔ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش میں اخلاقی قدروں کو پامال کیا جا رہا ہے اخلاقی قدروں کی پامالی کےکچھ شرمناک نمونے آئندہ چند دنوں میں آپ کے حواس پر بم بن کر گرنے والے ہیں۔آنے والے دنوں میں سیاسی لڑائی اتنی خطرناک ہو جائے گی کہ اس لڑائی کے دو فریقوں میں سے صرف وہ بچے گا جو دوسرے کو مار گرائے گا۔

یہ سیاست نہیں قبائلی دشمنی بن چکی ہے اور کسی صاحبِ دل نے ارشد شریف کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو بے نقاب کردیا تو کچھ لوگ منہ دکھانے کے قابل نہ رہیں گے۔ یہ قوم واقعی اپنی حالت بدلنا چاہتی ہے تو ہر فرد پہلے اپنے آپ کو بدلے، آس پاس کے حالات بھی بدل جائیں گے عوام کے پاس اتنا اختیار تو ہے کہ دعا کے لئے ہاتھ اٹھائیں اور باری تعالیٰ سے التجا کریں کہ اے اللہ اہل اقتدار و اختیار کی اس لڑائی میں پاکستان کی سالمیت کو محفوظ رکھنا۔


جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔