20 جنوری ، 2023
وفاقی وزیر داخلہ راناثنا اللہ نے کہا ہے کہ نوازشریف کی وطن واپسی میں قانونی موشگافیاں حائل ہیں جنہیں دور کیا جارہا ہے ، ان کی واپسی باعزت ہوگی ۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راناثنااللہ نے کہا کہ نوازشریف نے گوجرانوالہ میں جو کہا اب وہ جنرل باجوہ اورجنرل فیض بھی مان رہے ہیں کہ دھاندلی سے عمران کو لانا ان کی غلطی تھی ، جس سے ملکی معیشت تباہ ہوئی ۔
وزیرداخلہ نے بتایا کہ ن لیگ الیکشن میں بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لے گی، نواز شریف نے الیکشن سے متعلق ابتدائی انتظامات اور معاملات پر مشاورت کی ہے جبکہ انہوں نے پاکستان میں بھی لوگوں سے ویڈیو لنک پر مشورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ سے متعلق نوازشریف نے نام تقریباً فائنل کر لیے ہیں، پارلیمانی بورڈ ہی فیصلہ کرے گا کہ کہاں سے کس نے الیکشن لڑنا ہے ، بورڈ کی صدارت میاں نوازشریف خود کریں گے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ امیدوار کو ٹکٹ پارلیمانی بورڈ دے گا ،ماضی میں بھی ہر امیدوار کا انٹرویو نوازشریف کرتے تھے، ہماری تجویز ہے کہ الیکشن مہم کے لیے چھ سات سینیئر افراد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔
انہوں نے تصدیق کی کہ مریم نواز لندن سے 26 کو روانہ ہوکر 27 کو پاکستان پہنچیں گی جس کے بعد یکم فروری سے وہ پنجاب اور کے پی میں الیکشن سے متعلق سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گی ۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نوازشریف کی وطن واپسی میں قانونی موشگافیاں حائل ہیں جنہیں دور کیا جارہا ہے ۔