24 جنوری ، 2023
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، آئی ٹی اور زراعت میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں۔
لاہور چیمبر آف کامرس کا دورہ کرتے ہوئے ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے، باہمی تجارت تقریبا 10 ارب ڈالر ہوچکی ہے۔
امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں اور اس کے تدارک کیلئے مشاورت کر رہے ہیں، ہم خواتین کی معاشی خودمختاری کیلئے ہر ممکن مدد کریں گے ۔
امریکی سفیر سے ملاقات کے موقع پر لاہور چیمبرآف کامرس کے صدر کاشف انور نے امریکی ویزہ پالیسی اور تجارت بڑھانے پر زور دیا۔
بعد ازاں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے لاہور میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے آفس کا بھی دورہ کیا اور چیئرمین اپٹما گوہر اعجاز سے ملاقات کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پاکستان جلد معاشی طور پر اوپر آئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپٹما کے کاٹن کی دستیابی کیلئے لکھے گئے خط پر سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔
اس موقع پر گوہر اعجاز نے کہا امریکی سفیر سے ہونے والی ملاقات کے مثبت نتائج سامنےآئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود بڑھانا آئی ایم ایف پروگرام کاحصہ تھا، یہ سخت فیصلہ ہے لیکن وقت کی ضرورت ہے۔