13 دسمبر ، 2012
ویلنگٹن…راس ٹیلر کو کپتانی سے ہٹائے جانے پر ان دنوں نیوزی لینڈ کرکٹ کو سخت تنقید کا سامنا ہے، سابق کپتان مارٹن کرو نے تو احتجاجاً اپنا بلیزر بھی نذر آتش کردیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ نے گزشتہ ہفتے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان راس ٹیلر کو قیادت سے ہٹاکر اپنے خلاف ایک طوفان کھڑا کردیا۔ راس ٹیلر نے تو ٹیم کے ساتھ جنوبی افریقا جانے سے انکار کردیا، جس کے بعد بورڈ کو ان سے معافی مانگنا پڑی۔ لیکن سابق کیوی کپتان مارٹن کرو نے اس فیصلے پر بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی نے سماجی ویب سائٹ پر لکھا کہ انہوں نے اس فیصلے پر اپنا نیوزی لینڈ کرکٹ کا بلیزر جلادیا۔ سابق کپتان نے مزید کہا کہ راس ٹیلر کو کپتانی سے ہٹا کر ناقابل تلافی نقصان پہنچا یا گیا ہے۔