04 فروری ، 2023
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوہرے ٹیکس سے بچنے کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغان ریونیو لیگل سروسز کے ڈائریکٹر اور پاکستان کے ڈی جی انٹرنیشنل ٹیکس آپریشنز کی سربراہی میں وفود نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ مذاکرات میں شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق مذاکرات کے تیسرے دور میں پاکستان اور افغانستان کے وفود کے درمیان متفقہ مسودے پراتفاق کیا گیا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد کا کہنا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوہرے ٹیکس سے بچنے کے معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط ہوں گے۔