دنیا
21 فروری ، 2012

لیبیا کی فوج نے متحارب قبائل کیخلاف کارروائی کی دھمکی دیدی

طرابلس…لیبیا کی فوج نے ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں متحارب قبائل کے خلاف کارروائی کی دھمکی دے دی ۔ لیبیا کے شہر الکفراء میں دو قبائل کے درمیان زمین کے تنازع پر جھڑپیں گزشتہ 10 روز سے جاری ہیں جن میں اب تک درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ لیبیا کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق الکفراء اور مقافات میں مقیم زوائی قبیلے نے طیبو قبیلے پر یہ الزام عائد کرتے ہوئے حملہ کردیا کہ انہوں نے زوائی قبیلے کے خلاف چاڈ سے تعلق رکھنے والے کرائے کے قاتلوں کی مدد سے کارروائی کی تھی۔ دونوں قبائل کے درمیان گزشتہ اتوار کو جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا جس کی تصدیق لیبیا کی مسلح افواج کے سربراہ یوسف المنگوش نے بھی کی تاہم پیر کو فریقین کے درمیان دوبارہ شدید جھڑپیں شروع ہوگئیں ۔ انہوں نے برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں بتایا کہ فوجی دستے الکفراء میں موجود ہیں تاہم انہوں نے قبائلی تنازع میں تاحال مداخلت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا کی وزارت دفاع اور مسلح افواج متحارب قبائل کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ مسلح جھڑپیں فوری بند کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ قبائلی جھڑپوں کے باعث علاقے کے مکین نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔

مزید خبریں :