07 فروری ، 2023
کراچی کی پیپلزبس سروس میں یونیورسٹی پروفیسر پرمبینہ تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر عاطف جمیل داؤد یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ ڈیپارٹمنٹ میں بطور ڈائریکٹر تعینات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج اپنے گھر کلفٹن سے یونیورسٹی کیلئے پیپلز بس میں بیٹھا تھا تو کنڈکٹر کو کرائے کے لیے 10 روپے کے 5 نوٹ دیے، کنڈیکٹر نے ایک نوٹ واپس کرکے کہا کہ دوسرا دیں اس پر ٹیپ لگا ہے، کنڈیکٹر کو بتایا ہزار کا نوٹ ہے، کھلے نہیں ہیں تو اس پر کنڈیکٹر نے کہا کہ 10 روپے دیں ورنہ یہیں اتار دیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلخ کلامی پر کنڈیکٹر نے ڈرائیور کے ساتھ مل کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درخشان تھانے میں درج کر لیا۔
اس حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ بس سروس آر 10 کے روٹ پر واقعہ پیش آیا، پروفیسر روزانہ بس میں سفر کرتے ہیں اور روزانہ پرانے نوٹ دیتے ہیں جس پر آج کنڈیکٹر نے منع کیا جس پر پروفیسر نے مغلظات بکیں اور گالیاں دینے پر جھگڑا ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں اور اب تک کے شواہد کے مطابق پروفیسر نے جھگڑا شروع کیا۔
دوسری جانب پیپلز بس سروس میں ہونے والے جھگڑے کی سی سی ٹی وی جیو نیوز کو موصول ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پہلے پروفیسر نے ڈرائیور و کنڈیکٹر پر ہاتھ اٹھایا۔
پروفیسر نے اس سے قبل عملے کو مغلظات بکیں اور گالیاں بھی دیں۔