15 دسمبر ، 2012
نئی دہلی…وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی بابری مسجد کی شہادت کا ممبئی حملوں سے موازنہ نہیں کیا۔نئی دلی میں بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں رحمان ملک کا کہنا تھا کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں سمجھا گیا،وہ چاہتے ہیں کہ بھارت کے عوام جان لیں کہ انہوں نے کبھی بابری مسجد اور ممبئی حملوں کا موازنہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے کبھی بھی سورب کالیا کی ہلاکت کا معاملہ دوطرفہ تعلقات میں نہیں اٹھایا۔ گذشتہ روز پہلی مرتبہ بھارت نے سورب کالیا کی ہلاکت کا معاملہ اٹھایا۔وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ حافظ سعید کو گرفتارکیا تھا۔تاہم عدالتوں نے انہیں رہا کردیا اور ہمیں عدلیہ کا احترام کرنا چاہیے۔ رحمان ملک نے کہا کہ حافظ سعید کے خلاف ثبوت فراہم کیے جائیں تو انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سمجھوتا ایکسپریس سانحے پر پاکستان بھی بھارت سے کرنل پروہت کا مطالبہ کرسکتا ہے لیکن وہ ماحول خراب نہیں کرنا چاہتے۔