15 دسمبر ، 2012
نئی دلی…پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر بھارتی بورڈ نے پاک بھارت ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹی 20 کی تاریخ تبدیل کردی ہے، ٹی 20 اب 27کے بجائے 28دسمبر کو کھیلا جائے گا۔شیڈول کے مطابق پاک بھارت کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی 20 27دسمبر کو احمد آباد میں کھیلا جانا تھا، لیکن پی سی بی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سری نواسن سے درخواست کی کہ 27دسمبر کو سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی برسی ہے اس وجہ سے تاریخ میں تبدیل کی جائے، بھارتی بورڈ نے پی سی بی کی درخواست منظور کرتے ہوئے دوسرا ٹی 20 ،27کے بجائے 28دسمبر کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے ، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاء اشرف نے اس فیصلے پر بھارتی بورڈ کے صدر کو شکریہ کا خط بھی تحریر کیا ہے۔پاک بھارت کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20، 25دسمبر کوبنگلور میں کھیلا جائے گا۔