21 فروری ، 2012
دمشق…شام کی فوج نے حمص شہر میں باغیوں کے گڑھ پر توپخانے کی مدد سے شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 12 سے زائد باغی ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ عالمی ذرائع ابلاغ نے باب امرونامی علاقہ میں باغیوں کے رہنما نادر الحسینی کے حوالے سے بتایا کہ سرکاری فوج کی طرف سے باب امرو میں پچاس ملی میٹر کے گولے توپوں کی مدد سے داغے جا رہے ہیں۔ نادر الحسینی کے مطابق فوج کی گولہ باری سے دو چھوٹے بچے بھی متاثر ہوئے ہیں اور علاقہ بھر میں ٹینک بھی طلب کر لئے گئے ہیں۔ دریں اثناء باب امرو نامی علاقہ کی ایک آبادی میں سے تقریباً 60 فیصد افراد علاقہ سے چلے گئے ہیں۔