13 فروری ، 2023
کراچی: شہر قائد میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے لیے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے۔
ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز کراچی مقصود میمن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 8 کے شیڈول میچز کیلئے سکیورٹی ڈویژن نے سندھ حکومت اور تمام متعلقہ حکام کی مدد سے شائقین کی سہولت کے لیے ایک جامع سکیورٹی پلان تیار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی انتظامات اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام تماشائیوں کو داخلی دروازے پر سکیورٹی عملے کی جانب سے اچھی طرح سے چیک کیا جائے گا، نیشنل اسٹیڈیم میں کسی بھی قسم کی ریفریشمنٹ، کھانے کی چیزیں، مشروبات، شیشہ، پلاسٹک کی بوتلیں، ڈبے اور نشہ آور اشیاء ساتھ لے جانے کی ممانعت ہے۔
مقصود میمن نے کہا کہ شائقین کرکٹ کے لیے اچھی خبر ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم سے دور کی پارکنگ ختم کردی گئی ہے اور اسٹیڈیم سے ملحقہ چائنا گراؤنڈ عام شائقین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے کھلا رہے گا جب کہ وی آئی پی نیشنل کوچنگ سینٹر کے اندر گاڑیاں پارک کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کار کا سرخ اسٹیکر رکھنے والے آفیشلز اسٹیڈیم کے احاطے میں گاڑیاں پارک کر سکیں گے جب کہ گاڑی پارک کرنے کے لیے تماشائیوں کو اپنا اصل شناختی کارڈ اور میچ ٹکٹ ضرور دکھانا ہوگا۔