14 فروری ، 2023
اثاثہ جات ریکورکرنے والی برطانوی فرم براڈ شیٹ کو پاکستان سے بطور ہرجانہ ملنے والے 29 ملین ڈالر پر ہیج فنڈکا دعویٰ مسترد کردیا گیا۔
برطانوی نیم خود مختار ریاست آئل آف مین کی عدالت نے براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی کے حق میں فیصلہ سنادیا۔
ہیج فنڈ نے پاکستان کی طرف سے ملنے والی 29 ملین پاؤنڈ کی تمام رقم کو حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، یہ رقم یو کے ہائی کورٹ کے حکم پر پاکستان نے براڈ شیٹ کو ادا کی تھی، رقم کی عدم ادائیگی پر عدالت نے پاکستان کے اثاثے ضبط کرنےکا حکم دیا تھا۔
ہیج فنڈ نے براڈ شیٹ کو 6 ملین ڈالرکیس لڑنےکے لیے فراہم کیے تھے، آئل آف مین کی عدالت نے اس کیس کا فیصلہ ہونے تک براڈ شیٹ کے لیکوڈیٹرز کو رقم کی تقسیم سے روک دیا تھا۔
اس حوالے سے کاوے موسوی کا کہنا ہےکہ معاملہ زیر سماعت ہونےکے سبب کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا، اس معاملے پر برطانیہ اورامریکا فارن کرپٹ پریکٹس اور برائبری ایکٹ کے تحت تحقیقات کرسکتے ہیں۔
خیال رہےکہ پاکستان نے نواز شریف خاندان اور دیگر سیاست دانوں کے مبینہ خفیہ اثاثوں کا پتہ لگانےکے لیے براڈ شیٹ کی خدمات حاصل کی تھیں، پاکستان کی طرف سے براڈ شیٹ سے معاہدہ توڑے جانے کے سبب اب تک 65 ملین ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔