21 فروری ، 2012
قاہرہ… مصر کی بڑی سیاسی جماعت اخوان المسلمون نے فوج کی بنائی گئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سیاسی، اقتصادی اور سیکورٹی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اس لئے پارلیمنٹ میں نمائندگی رکھنے والی جماعتوں پر مشتمل مخلوط حکومت کا قیام ضروری ہے۔ اندرونی وبیرونی معاملات کے بارے میں پالیسی بیان میں اخوان المسلمون نے سیاسی ونگ فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی نے حکومت کی طرف سے عالمی بینک سے قرضہ لینے کے منصوبہ کی بھی مخالفت کی ہے۔ مصر کی پارلیمنٹ میں اکثریت رکھنے والی فریڈم اینڈ جسٹس پارٹی نے ملک کو درپیش سیاسی امور اقتصادی بحران حل کرنے کیلئے پارلیمنٹ میں نمائندگی والی جماعتون پر مشتمل حکومت بناے کا بھی مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ مصر میں صدر حسنی مبارک کے خلاف شدید ہنگاموں کے بعد فوج نے کمال گزوری کی قیادت میں عبوری حکومت قائم کی تھی جو کہ جون میں صدر کے انتخاب تک کیلئے بنائی گئی ہے۔ اخوان المسلمون کے سیاسی ونگ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کمال گزوری کی قیادت میں قائم حکومت سیکورٹی سمیت تمام مسائل حل کرنے میں ناکام ہے جبکہ اس حکومت کی وجہ سے مستقبل میں ملک کے مزید بحرانوں کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔