14 فروری ، 2023
حیدرآباد کے نجی اسکول میں چھٹی جماعت کی طالبہ کی مبینہ خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کیلئے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) علینہ راجپر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی۔
اسکول کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علینہ راجپر کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی سے ظاہر ہے کہ لڑکی نے خودکشی کی ہے لیکن یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے اس کے پیچھے کی وجہ کیا ہے؟ لڑکی کی عمر 12 سے 13 سال تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ بچی کس ذہنی دباؤ میں تھی کہ یہ قدم اٹھانے پر مجبور ہوگئی؟ موقع پر کھڑے استاد سمجھ رہے تھے کہ بچی ٹک ٹاک بنارہی ہے، عملے نے روکنے کی کوشش کی لیکن انہیں اندازہ نہیں تھا کہ بچی کود جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ جس جس نے لڑکی سے بات کی، ان سب سے معلومات لے لی گئی ہیں، بچی کسی سے زیادہ بات چیت نہیں کرتی تھی، اسکول میں ہر چیز میں حصہ لیا کرتی تھی اور ایک ایوریج طالبہ تھی۔
اے ایس پی کے مطابق یہ بھی تفتیش کی جارہی کہ آیا بچی کا رزلٹ اچھا نہیں تھا یا گھریلو مسائل تھے، اسکول انتظامیہ کی کمزوری کے حوالے سے بھی دیکھا جارہا ہے، اس کے علاوہ لڑکی کو چڑانے یا چھیڑ چھاڑ والے پہلو کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں واقع نجی اسکول میں چھٹی جماعت کی طالبہ مومنہ نے تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کیا تھا۔ واقعے کے بعد نجی اسکول انتظامیہ نے 3 روز کیلئے اسکول کی چھٹی دے دی تھی۔