15 فروری ، 2023
اسلام آباد: مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزرا نے بغیر تنخواہ کام کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی 83 ارکان پر مشتمل وفاقی کابینہ کے ن لیگی ارکان نے وزیراعظم سے ملاقات کرکے بغیرتنخواہ کام کرنےکا کہا ہے۔
وفاقی وزرا نے یہ فیصلہ ملک کو درپیش معاشی مشکل حالات کے پیش نظر قومی جذبے کے تحت کیا ہے۔
خیال رہےکہ وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں شامل34 وزرا میں سے 12 کا تعلق ن لیگ سے ہے اور 7 وزرائے مملکت میں سے 3 مسلم لیگ ن سے تعلق رکھتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت رضاکارانہ بنیادوں پرکام کریں گے اور تنخواہ نہیں لیں گے۔
وزیراعظم کی کابینہ میں 38 معاونین خصوصی شامل ہیں جن میں سے وزیراعظم 14 معاونین خصوصی کی بلامعاوضہ کام کرنےکی درخواست منظورکرچکےہیں۔