16 دسمبر ، 2012
ممبئی…انڈین پریمیئر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز ہوں گے یا نہیں، اِس کا فیصلہ فی الحال نہیں ہوا ، لیکن آئندہ ماہ ہونے والی ہاکی انڈیا لیگ میں کم از کم نو پاکستانی پلیئرز ضرور ایکشن میں ہوں گے۔پہلی ہاکی انڈیا لیگ آئندہ برس کھیلی جائے گی جس میں پانچ فرنچائز ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ایونٹ کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی دلی میں منعقد ہوئی جس میں مختلف فرنچائزز نے نو پاکستانی کھلاڑیوں کی بولی لگائی اور اپنی ٹیم میں شامل کیا۔پاکستانی کھلاڑیوں میں محمد راشد سب سے مہنگے کھلاڑی رہے جنہیں ممبئی میجیشنز نے اکتالیس ہزار ڈالرز میں خریدا۔ ممبئی کی فرنچائز نے پاکستان کے فرید احمد کو اکیس ہزار ، محمد توثیق کو ستائیس ہزار اور گول کیپر عمران بٹ کو پانچ ہزار پانچ سو ڈالرز میں خریدا۔ٹیم دلی ویورائیڈرز نے محمد رضوان سینئر کو چھبیس ہزار اور رضوان جونیئر کو دس ہزار ڈالر زمیں خرید لیا۔ پاکستان ٹیم کے ایک اور پلیئر کاشف شاہ پنجاب واریئرز نے نو ہزار پانچ سو ڈالرز میں حاصل کیا۔ فارورڈ پلیئر شفقت رسول دس ہزار ڈالرز اور محمد عرفان پانچ ہزار ڈالرز کے عوض رانچی رائینوز کے دستے میں شامل ہوئے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران ، فارورڈ عبدالحثیم خان اور محمد وقاص کو خریدنے میں کسی نے دلچسپی ظاہر نہیں کی۔