18 فروری ، 2023
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل)کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ پہلا میچ بطور ٹیم اچھا نہیں کھیل سکے تھے پورا ٹورنامنٹ باقی ہے، کم بیک کریں گے۔
واضح رہے کہ 15 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 8 کے اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ جو پہلے میچ کی غلطیاں تھیں اس سے سیکھ کر آئندہ میچ میں بہتر کریں گے، ایک میچ کے بعد یہ نہیں کہہ سکتے کہ کیا کرنا چاہیے یا کیا نہیں کرنا چاہیے۔
نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں بیٹنگ لائن نہیں چلی، مضبوط بیٹنگ ہے امید ہے آئندہ بہتر کریں گے،ہر ٹیم جیت کیلئے کھیلتی ہے، میری کوشش ہوتی ہے بطور پلیئر اپنی ٹیم کو میچ جتواؤں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب جیتیں گے تب ہی پرفارمنس گنتی میں آئے گی، بطور بولر کوشش ہوتی ہے کہ ہر بیٹر کے خلاف بہترین بولنگ کروں، کسی ایک بیٹر کو نشانے پر رکھنا کوئی ہدف نہیں ہوتا، اصل بات یہ ہے کہ آپ وقت پر اپنی ٹیم کو وکٹ لے کر دیں، کسی ایک بیٹر نہیں، ہر کسی کے خلاف بہترین بولنگ کرنا اور وکٹ لینا ہے۔
نسیم شاہ نے مزید کہا کہ پی ایس ایل میں پچز اچھی ہیں، جو فیلڈنگ سے رن روکے گا اس کو فائدہ ہوگا، ہر ٹیم کے پاس دنیا کے بہترین پلیئرز ہیں، کسی کو ہلکا نہیں لے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں 6 کی 6 ٹیمیں بہترین ہیں، کراچی اور لاہور دونوں اچھی ٹیمیں ہیں، اچھا مقابلہ سب انجوائے کرتے ہیں، پشاور اور کوئٹہ کی تو کوئی رائیولری نہیں، ہم ہر ٹیم کے خلاف میچ کو اہمیت دیتے ہیں۔