16 دسمبر ، 2012
کراچی…صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فول پروف سیکورٹی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے دہشت گردی کا شکار افراد کے اہل خانہ کی مالی معاونت کے کام کو تیز اور جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔صدر مملکت نے یہ بات بلاول ہاوٴس کراچی میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔گورنر سندھ نے صدر مملکت کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔صدارتی ترجمان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت سندھ کی جانب سے امن و امان کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کو سراہا جبکہ ہدایت کی کہ دہشت گردی کا شکار افراد کے اہل خانہ اور بیواوٴں کو معاوضے کی ادائیگی کا کام تیزی سے کیا جائے۔ ملاقات میں دہشت گردی کے متاثرین کی بحالی کے سلسلے میں قائم کمیٹی کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔