Time 18 فروری ، 2023
کھیل

پاکستانی ٹیم میں کم بیک کے حوالے سے اعظم خان کیا سوچتے ہیں؟

میں نئے نئے شاٹس تلاش کرتا ہوں اور اس میں ماسٹر ہونے کی کوشش کرتا ہوں: وکٹ کیپر بیٹر۔ فوٹو جیو نیوز
میں نئے نئے شاٹس تلاش کرتا ہوں اور اس میں ماسٹر ہونے کی کوشش کرتا ہوں: وکٹ کیپر بیٹر۔ فوٹو جیو نیوز

اسلام آباد یونائیٹڈ کے جارح مزاج مڈل آرڈر بیٹر اعظم خان کا کہنا ہے میں اپنی کرکٹ کو انجوائے کر رہا ہوں اور جب گراؤنڈ میں اترتا ہوں تو  رشتہ نہیں دیکھتا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان کا کہنا تھا ملتان سلطانز کے احسان اللہ اچھی بولنگ کر رہے ہیں لیکن ہم بھی اسمارٹ کرکٹ کھیلیں گے، سامنے چاہے کوئی بھی بولر ہو، اچھا مقابلہ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا ملتان کا کراؤڈ اچھا ہے، میچ میں مزہ آئے گا، میں نئے نئے شاٹس تلاش کرتا ہوں اور  اس میں ماسٹر ہونے کی کوشش کرتا ہوں۔

اعظم خان کا کہنا تھا اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ایک مائنڈ سیٹ کے ساتھ کھیلتی ہے، ہمارا میچ دن میں ہے اس لیے کنڈیشن کو سمجھنے کی کوشش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا مجھے ملتان اسٹیڈیم میں کھیلنے کا تجربہ ہے، میں اپنے تجربے سے سب کو آگاہ کر رہا ہوں، میں اپنی کرکٹ انجوائے کر رہا ہوں، رضوان اور حارث ٹاپ آرڈر میں آتے ہیں جبکہ میں مڈل آرڈر میں آتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا پاکستانی ٹیم کی طرف سے کم بیک کرنے کا نہیں سوچ رہا، صرف حال پر سوچتا ہوں، جب موقع ملا تو دیکھوں گا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں اپنے والد کی موجودگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر اعظم خان کا کہنا تھا جب گراؤنڈ میں اترتا ہوں تو رشتہ نہیں دیکھتا، میری کوئٹہ کے خلاف پہلے کارکردگی اچھی رہی ہے۔

مزید خبریں :