22 فروری ، 2023
وزیر دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے کابل میں امارت اسلامی افغانستان کے نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی۔
پاکستانی وفد کی افغان حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون پر گفتگو کی گئی۔
پاکستانی وفد میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم بھی افغانستان پہنچے ہیں۔
ملا عبد الغنی برادر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی اور افغان حکام نے دوطرفہ تعلقات، تجارت، علاقائی رابطوں اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں افغان نائب وزیراعظم کا کہنا تھا افغانستان اور پاکستان کو پڑوسی ممالک کی حیثیت سے اچھے تعلقات رکھنے چاہئیں، عبدالغنی برادر نے پاکستانی جیلوں میں قید افغانوں کی رہائی پر زور دیا اور طورخم اور اسپن بولدک سے آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ملا عبدالغنی برادر کے دفتر کے مطابق پاکستانی وفد نے ملا عبدالغنی برادر کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے کابل کا دورہ کیا، وفد نے افغان نائب وزیراعظم ملاعبدالغنی برادر اخوند سے ملاقات کی، پاکستانی وفد نےافغان وزیر دفاع مولوی یعقوب، وزیر داخلہ سراج الدین حقانی اور وزیر خارجہ امیر خان متقی سے بھی ملاقات کی،
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں خطے میں دہشت گردی کے بڑھتے خطرے اور کالعدم ٹی ٹی پی کے معاملات زیر بحث آئے، پاکستان اور افغانستان نے دہشت گردی کے خطرے سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا جبکہ برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔