23 فروری ، 2023
فرانس میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں اسکول میں دوران کلاس 16 سالہ طالبعلم نے چاقو کے وار سے خاتون ٹیچر کو قتل کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 52 سالہ ٹیچر فرانس کے قصبے سینٹ جین ڈی لیو کے ایک اسکول میں ہسپانوی زبان کی کلاس لے رہی تھیں کہ جماعت میں موجود ایک 16 سالہ طالبعلم نے ان پر چاقو سے حملہ کر دیا۔
چاقو کے حملے سے شدید زخمی ہونے کے باعث ٹیچر کو فوری طبی امداد دی گئی لیکن وہ اسپتال جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔
رپورٹس کے مطابق 16 سالہ طالبعلم کو گرفتار کرلیا گیا اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ واقعہ دہشت گردی نہیں بلکہ طالبعلم کا ذاتی فعل ہے۔