کھیل

پاکستانی فٹبال کھلاڑیوں کی صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات

فوٹو: رپورٹر
فوٹو: رپورٹر

پاکستان کی مینز اور ویمنز فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک کے ہمراہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ 

صدر مملکت عارف علوی نے سعودی عرب میں ہونے والے 4 ملکی ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی قومی ویمنز ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی  پاکستان کے سفیربن کر ملک کا امیج بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

عارف علوی نے کہا کہ فٹبال دنیا کا ہی نہیں پاکستان میں کافی مقبول ہے،لاکھوں شائقین ہیں، ملک میں اس کھیل کے فروغ کیلئے بین الاقوامی معیار اپنانے کی ضرورت ہے،فٹبالرز کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا،بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ روابط بڑھانے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فٹبال کو ضلعی اور کلب کی سطح پر فروغ دینے کے ساتھ فٹبالرز کو تربیت کی بہتر سہولیات اور کوچنگ فراہم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی اندرونی سیاست نے اس کی کارکردگی کو متاثر کیا،فیفا کی نامزد نارملائزیشن کمیٹی کو ملک میں فٹبال معاملات سے متعلق مسائل کے حل کیلئے اپنی کوششیں تیزکرنا چاہییں، امید ہے کہ این سی کی مدد سے فیڈریشن کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی۔

اس موقع پر اپنی بریفنگ میں نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون احمد ملک نے کہا کہ پاکستان میں 70 لاکھ سے زائد لوگ فٹبال کھیلتے ہیں، فیڈریشن کے نظام کو بہتر بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں، اب تک ملک کے 163اضلاع سے تقریباً 4600 کلب رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، دستاویزات کی جانچ پڑتال اور فزیکل سکروٹنی کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کرلیاجائےگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے 8 سال بعد اپنے پہلے بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کی، مینز ٹیم نے 4 سال بعد اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلا،مینز ٹیم فیفا ورلڈکپ 2026 کوالیفائرز اور ویمنز ٹیم پیرس اولمپکس 2024کے کوالیفائرزمیں شرکت کرے گی۔

مزید خبریں :