27 فروری ، 2023
ناردرن آئرلینڈ پروٹوکول کے معاملے پر برطانیہ اور یورپی یونین میں اشیا کی ترسیل کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا۔
بریگزٹ کے بعد ناردرن آئرلینڈ پروٹوکول کے معاملے پر برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تنازع کھڑا ہو گیا تھا تاہم اب برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان اس معاملے پر ڈیل ہو گئی ہے۔
برطانوی وزیراعظم رشی سونک کا یورپین کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیرلئین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا نئے منصوبے کے تحت اشیا کے لیے گرین اور ریڈ لین متعارف کرائی جائیں گی، گرین لین سے گزرنے والی اشیا کو چیک نہیں کیا جائے گا اور ان کی کاغذی کارروائی بھی کم ہو گی۔
رشی سونک کا کہنا تھا ری پبلک آئرلینڈ اور یورپین یونین جانے والی اشیا ریڈ لین سے گزریں گی اور چیک بھی ہوں گی، برطانیہ کی وی اے ٹی اور ایکسائز تبدیلیاں ناردرن آئرلینڈ پر بھی لاگو ہوں گی۔
برطانوی وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا یو کے میں منظور شدہ ادویات بھی ناردرن آئرلینڈ میں ملیں گی، ناردرن آئرلینڈ اسمبلی کو ان قوانین پر رائے دینے کے علاوہ انھیں لاگو کرنے سے روکنے کی بھی آزادی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا ناردرن آئرلینڈ، یورپی یونین کے سامان کے قوانین کو لاگو ہونے سے روک سکے گا جبکہ برطانوی حکومت کو ویٹو کا اختیار ہو گا۔
برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا ڈیل کے حوالے سے پارلیمنٹ میں اراکین کی رائے ووٹنگ کے ذریعے معلوم کی جائے گی۔