01 مارچ ، 2023
پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ میں پی ایس ایل میں بہت الرٹ ہوں، میرا کرکٹ میں اچھا کم بیک ہوا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین نے کہا کہ میں ایک وقفے کے بعد کھیل رہا ہوں، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنی بہترین کرکٹ کھیلوں، پھر چاہے ڈومیسٹک ہو یا کلب کرکٹ۔
انہوں نے پشاور زلمی کے خلاف میچ میں محمد حارث کا بیٹ توڑنے کے بعد انہیں بولڈ کرنے اور پھر کپتان بابر اعظم کو بولڈ کرنے کے حوالے سے کہا کہ کوشش یہی ہے کہ پہلے اوور کی پرفارمنس کو برقرار رکھوں، میری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کو جلد از جلد بریک تھرو دوں، شکر ہے اس میں میں کامیاب ہوں۔
شاہین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں لاہور کے مرحلے کے میچز کھیل کر اچھا محسوس ہو رہا ہے، لاہور قلندرز کو ہمیشہ اپنے کراؤڈ سے بہت سپورٹ ملتی ہے۔
کرکٹر نے کہا کہ لاہور کے لوگ کرکٹ کے بہت فین ہیں، اچھی چیز ہے کہ اب ہم مسلسل لاہور میں کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم اچھا پرفارم کر رہی ہے، امید ہے کہ فینز کو مزید اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔