18 دسمبر ، 2012
اسلام آباد…پبلک اکاونٹس کمیٹی نے رجسٹرار سپریم کورٹ کے خلاف ریفرنس پارلیمنٹ کو بھجوانے کافیصلہ کیاہے۔چیئرمین کمیٹی ندیم افضل چن کاکہناہے کہ وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، پارلیمنٹ چاہے تو سپریم کورٹ کو ریفرنس بھیجے یا قانون بدل دے۔پبلک اکاونٹس کمیٹی کاچیئرمین ندیم افضل چن کی صدارت میں اجلاس ہوا ، جس میں رجسٹرار سپریم کورٹ کے خلاف پارلیمنٹ کو ریفرنس بھجوانے کا متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا۔ ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ وہ 2 روز میں ریفرنس پارلیمنٹ کو بھجوا دیں گے اور وہ چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ جلد از جلد فیصلہ کرے، اس معاملے پر بے شک پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے، ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ اداروں میں ٹکراوٴ ہو،یہ آئین کی بالادستی کا معاملہ ہے کسی کی انا کا نہیں۔ اس سے پہلے چیئرمین ایف بی آر ارشد حکیم نے اجلاس کو بتایا کہ ارکان پارلیمنٹ کی ٹیکس معلومات جاری کرنے کے معاملے پر انکوائری کی جا رہی ہے ، پارلیمینٹیرینزکے بہت سارے ایسے نیشنل ٹیکس نمبر شائع ہوئے ہیں جوا ان کے ریکارڈ کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتے۔ چیئرمین پی اے سی کاکہناتھاکہ ان کی اطلاع کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب شعیب سڈل کے دفتر نے یہ ریکارڈ فراہم کیا ہے۔