06 مارچ ، 2023
حکومت سندھ نے وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پرسرکاری سطح پر اخراجات کم کرنے کا اعلان کردیا۔
محکمہ خزانہ سندھ نے حکم نامہ جاری کردیا جس کے مطابق کابینہ ارکان سے سکیورٹی ڈیوٹی کی آدھی گاڑیاں واپس لی جائیں گی اور تمام محکموں کی خالی پوسٹیں ختم کردی جائیں گی جبکہ وی آئی پیز کیلئے سکیورٹی اخراجات میں کمی کی جائے گی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کسی محکمے کو اضافی اخراجات کی ضرورت ہو تو وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کرے۔
حکم نامے کے مطابق نئی ملازمتیں دینے اور عارضی ملازمین کی بھرتیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ نئے فرنیچر، ائیرکنڈیشن، ریفریجریٹراورگاڑیوں کی خریداری پربھی پابندی ہوگی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وزرا اور سرکاری افسران کے غیر ملکی دوروں، سرکاری سطح پر ظہرانے اور عشائیے پربھی پابندی ہوگی، مہمانوں کو اور اجلاس میں صرف چائے و بسکٹ پیش کیے جائیں گے جبکہ یوٹیلٹی بلوں میں 10 فیصد اور پیٹرول میں 40 فیصد کمی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں ہدایت کی کہ سندھ میں سرکاری افسران دورے کرنے کے بجائے آن لائن یا زوم پراجلاس کریں۔
سندھ حکومت کے تمام محکموں کواخراجات کم کرنےکی پالیسی پرعمل کرنےکی ہدایات کی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری سے پالیسی گائیڈ لائن تمام سرکاری محکموں کو ارسال کردی گئیں۔