Time 10 مارچ ، 2023
دنیا

کووڈ کے بعد چین کے ایک شہر میں کسی اور بیماری کیلئے لاک ڈاؤن لگا دیا گیا

چین کے شہر شیان میں ایسا کیا گیا / فائل فوٹو
چین کے شہر شیان میں ایسا کیا گیا / فائل فوٹو

چین میں اب کووڈ 19 کے حوالے سے تمام پابندیوں اور لاک ڈاؤن جیسے اقدامات ختم کر دیے گئے مگر وہاں ایک اور بیماری کے لیے اس جیسے اقدامات دیکھنے میں آئے ہیں۔

چین کے ایک شہر شیان کی انتظامیہ نے فلو کیسز کی روک تھام کے لیے کووڈ جیسا لاک ڈاؤن لگا دیا ہے۔

8 مارچ کو لاک ڈاؤن لگا کر اسکولوں اور کاروباری اداروں کو بند کر دیا گیا تاکہ فلو وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

اس شہر میں 2021 میں ایک ماہ کے لیے کووڈ کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن لگایا گیا تھا، موجودہ لاک ڈاؤن پر شہریوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے مارچ کے شروع میں بتایا تھا کہ چین کے شمالی اور جنوبی صوبوں میں فلو وائرس کی 2 اقسام کے باعث بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے۔

22 فروری کو چین کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن نے بتایا تھا کہ اس سال پہلی بار فلو کیسز کی تعداد کووڈ کیسز سے زیادہ ہوگئی ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق 8 دسمبر سے فروری کے اختتام تک کووڈ سمیت نظام تنفس کی دیگر بیماریوں کے نتیجے میں 54 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

مزید خبریں :