Time 13 مارچ ، 2023
کاروبار

سعودی تیل کمپنی آرامکو نے ایک سال میں ریکارڈ منافع کمالیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سعودی تیل کمپنی آرامکو کو توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سال 2022 میں ریکارڈ منافع ہوا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق آرامکو نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی نے سال 2022 میں ریکارڈ 161.1 ارب ڈالر کا ریکارڈ منافع کمایا۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں سعودی کمپنی کے منافع میں 46.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 

آرامکو فروری 2022 میں روس کے یوکرین پرحملے کے بعد توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اتنا زیادہ منافع کمانے والی حالیہ کمپنی ہے۔

اس سے قبل امریکا کی ایکسون موبل کمپنی نے 55.7 ارب ڈالرجبکہ برطانیہ کی شیل کمپنی نے 39.9 ارب ڈالر کا منافع کمایا۔

واضح رہے کہ آرامکو نے 2022 کی اکتوبر تا دسمبر سہ ماہی کے لیے 19.5 ارب ڈالر کے منافع کا بھی اعلان کیا تھا جو اس سال کی پہلی سہ ماہی میں ادا کیا جائے گا۔اس منافع کی زیادہ تر رقم سعودی عرب کی حکومت کو جائے گی، جو کمپنی کے تقریباً 95 فیصد حصص کی مالک ہے۔

اتوار کو  آرامکو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی کی یہ بہتر کارکردگی خام تیل کی مضبوط قیمتوں، زیادہ فروخت اور بہتر مصنوعات کے مارجن کی بنیاد پر ہے۔

 آرامکو کے صدر اور سی ای او امین ناصر نے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی کے اس منافع کو دیکھتے ہوئے ہم توقع کرتے ہیں کہ تیل اور گیس مستقبل میں بھی انتہاہی ضروری رہیں گے۔

آرامکو کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کمپنی کا ایک سال میں 161.1 ارب ڈالر کا  منافع کمانا حیران کن ہے۔

واضح رہے کہ آرامکو امریکا کی کمپنی ’ایپل‘ کے بعد دنیا کی دوسری سب سے امیر کمپنی ہے جو گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی میں اپنا حصہ ڈالتی ہے۔