دنیا
Time 06 دسمبر ، 2019

دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش تیل کمپنی آرامکو کا ایک اور سنگ میل

سعودی کمپنی نے فی شیئر کی قیمت 32 ریال رکھی ہے اور اب تک 5 لاکھ سے زائد افراد شیئرز خرید چکے ہیں— فوٹو:فائل 

دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش تیل کمپنی آرامکو نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا اور 3 ارب شیئرز فروخت کرکے ساڑھے 25 ارب ڈالر ز یعنی 40 کھرب پاکستانی روپے حاصل کرلیے۔

سعودی تیل کمپنی آرامکو نے اپنے 3 ارب شیئرز مارکیٹ میں فروخت کیے ہیں جو کہ کُل حصص کا ایک اعشاریہ 5 فیصد ہیں جبکہ کمپنی کی مالیت اس وقت ایک اعشاریہ 7 ٹریلین ڈالرز ہے۔

سعودی کمپنی نے فی شیئر کی قیمت 32 ریال رکھی ہے اور ایک فرد کو صرف 1500 شیئرز دیے جائیں گے اور اب تک 5 لاکھ سے زائد افراد شیئرز خرید چکے ہیں۔

سعودی کمپنی کے شیئرز فروخت کرنے والی کمپنی سامبا کیپیٹل کے مطابق انفرادی طور پر شیئرز کی خریداری کا سلسلہ مکمل ہوچکا ہے اور فروخت ہونے والے حصص کی مالیت 49 ارب 18 کروڑ 74 لاکھ 37 ہزار 760 ریال رہی۔

آرامکو کے مطابق شیئرز خریدنے کے لیے 446 ارب ریال کی ڈیمانڈ موصول ہوئی تھی تاہم انفرادی طور پر 33.3 فیصد انفرادی اور کمپنیوں کی جانب سے 66.7 فیصد حصص خریدے گئے۔

آئندہ ہفتے سے سعودی اسٹاک ایکسچینج میں جب آرامکو کے شیئرز کی خرید و فروخت شروع ہوگی تو سعودی تیل کمپنی اثاثوں کے اعتبار سے دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ’ایپل‘ کو بآسانی پیچھے چھوڑ دے گی۔ جمعے تک کے اعداد و شمار کے مطابق ’ایپل‘ کے اثاثوں کی کل مالیت ایک اعشاریہ 8 ٹریلین ڈالرز تھی۔

آرامکو کے حصص آئی پی او یعنی ابتدائی عوامی پیشکش 2014 میں چینی علی بابا کمپنی سے بھی بڑی پیشکش بن چکی ہے کیوں کہ اُس وقت علی بابا کمپنی کے حصص 25 ارب ڈالرز میں فروخت کیے گئے تھے۔ 

مزید خبریں :