Time 25 مارچ ، 2023
پاکستان

کراچی پولیس کے اہلکاروں کی اغوا برائے تاوان کی واردات، تین شہریوں کو جھانسہ دیکر اغوا کرلیا

کراچی پولیس اہلکاروں کی جانب سے اغوا برائے تاوان کی وارداتیں پھر سامنے آنے لگیں۔

 نارتھ ناظم آباد تھانے میں پولیس اہلکاروں نے نایاب نسل کے بچھو فروخت کرنے کا جھانسا دے کر تین شہریوں کو اغوا کرلیا ، ملزمان کے قبضے سے تاوان کی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔

قائد آباد کے رہائشی عصمت نے نایاب بچھوؤں کا ایک اشتہار دیکھا ، فون پر ڈیل طے ہوئی اور بچھو کو خریدنے کے لیے اسے نارتھ ناظم آباد میں واقعے ہوٹل پر بلایا گیا ۔

عصمت اپنے دو دوستوں کے ساتھ جب بچھو خریدنے آیا تو بچھو تو نہیں ملے الٹا ان تینوں کو گاڑی میں ڈال کر اغوا کر لیا گیا، ستم ظریفی یہ کہ اغوا کار کوئی اور نہیں بلکہ پولیس اہلکار تھے، جنہوں نے ان نوجوانوں کو نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت پر بنے کمرے میں ہی قید کردیا۔

ملزمان نے ابتدا میں 50لاکھ روپے تاوان طلب کیا جواہلخانہ کے ساتھ ڈیل کے بعد 5 لاکھ روپے میں طے پایا۔

 لیکن عین موقع پر نارتھ ناظم آباد تھانے میں اینٹی وائلینٹ کرائم سیل پولیس نے کارروائی کی  اور دو روز سے اغوا ہوئے قائد آباد کے رہائشی افراد کو بازیاب کرا لیا۔

بازیاب ہونے والوں میں عصمت، شعیب اور سلیم شامل ہیں جب کہ اغوا کی واردات میں ملوث پہلے سے بر طرف اہلکار محبوب علی ، آصف اور ان کے تین ساتھی ملزمان مختار اسد ریاض اور کاشف کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

تھانے کی چھت پہ واقع عقوبت خانے سے خالی شراب کی بوتلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

 دوسری جانب اغوا کی واردات میں ملوث ہونے کے الزام میں ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد عبدالمعید احمدکی بھی معطلی کے ساتھ ساتھ تنزلی  کردی گئی۔

تاہم اغوا کی واردات کا مقدمہ تھانہ نارتھ ناظم آباد میں درج کیا جائے گا ۔

مزید خبریں :