18 نومبر ، 2016
افضل ندیم ڈوگر....کراچی میں شہریوں کے اغوابرائے تاوان کا الزام ثابت ہونے پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے ایس ایچ او سمیت 2 پولیس افسران کو ملازمت سے برطرف کردیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی نے جیو کو بتایا کہ سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او انسپکٹر ملک آصف عثمان پر بھتا لینے اور ایک شہری بدر بن شجاع کو گرفتار کرکے بھاری رشوت لینے کا الزام سامنے آیا تھا۔
سی ٹی ڈی شعبہ آپریشن کے ایک انسپکٹر ظہیر احمد پر ایک شہری منظر عرف باس کو اغواء کرکے ایک لاکھ 5 ہزار روپے رشوت وصول کرنے کا الزام تھا، جس پر دونوں افسران کو معطل کرکے ان کے خلاف انکوائری شروع کرائی۔
ایڈیشنل آئی جی کے مطابق تحقیقات کے دوران دونوں افسران پر الزامات ثابت ہوگئے، جس پر دونوں افسران کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے اور دونوں کو پولیس ملازمت سے فارغ کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔