28 مارچ ، 2023
افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی فاسٹ بولر احسان اللہ نے افغان بیٹر نجیب اللہ زادران کو اپنی تیز رفتار باؤنسر سے زخمی کرکے ریٹائرڈ ہرٹ کر دیا۔
پیر کو شارجہ میں ہونے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے 66 رنز سے کامیابی حاصل کی تاہم افغانستان نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے 183 رنز کا ہدف دیا، جواب میں افغان ٹیم 19 ویں اوور میں 116 رنز بنا سکی اور اسے میچ میں 66 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کے خلاف ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹر نجیب اللہ زادران پاکستانی بولر احسان اللہ کی تیز رفتار باؤنسر سے زخمی ہوگئے۔
افغانستان کی اننگز کے 11ویں اوور میں نجیب اللہ زادران کریز پر بیٹنگ کرنے آئے تو احسان اللہ نے انہیں باؤنسر کروائی جسے وہ کھیلنے میں ناکام رہے اور گیند ہیلمٹ کے اندر سے چہرے کے نچلے حصے پر لگی اور خون نکلنے لگا۔
زخمی ہونے کی وجہ سے نجیب اللہ زادران بیٹنگ کو جاری نہ رکھ سکے اور ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے باعث میدان سے باہر چلے گئے۔
احسان اللہ کی تیز باؤنسر سے افغان کھلاڑی کے زخمی ہونے کے بعد شائقین کرکٹ کو سابق پاکستانی بولر شعیب اختر یاد آگئے۔
شعیب اختر نے ماضی میں اپنی تیز رفتار گیندوں سے برائن لارا، گیری کرسچن سمیت کئی کھلاڑیوں کو زخمی کرکے میدان سے باہر بھیجا۔
احسان اللہ کی نجیب اللہ کو کرائی گئی باؤنسر کا موازنہ سوشل میڈیا صارفین نے شعیب اختر کی برائن لارا کو کرائی گئی باؤنسر سے کیا۔