21 دسمبر ، 2012
بولان…ضلع بولان کے علاقے مچھ کے قریب نامعلوم افراد کی دوبسوں پرفائرنگ ،3مسافر جاں بحق،دوزخمی ہوگئے دو مسافروں کو اغوا بھی کرلیا گیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کمشنر نصیر آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ لیویز ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے مقامی کوچ کمپنی کی دو بسیں کوئٹہ سے صادق آباد جارہی تھیں کہ مچھ سے دس کلومیٹر کے فاصلے پر گیتانی کے مقام پر نامعلوم افراد نے ان بسوں پر فائرنگ کردی ایک بس تو خوش قسمتی سے فائرنگ سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئی تاہم دوسری بس کے ٹائر بلاسٹ ہوگئے جس کے بنا پر بس روک گئی۔نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین مسافر محمد صدیق، طحہ کاشف اور جمشید علی جان بحق جبکہ دوافراد زخمی ہوگئے مسلح افراد بس سے دو مسافروں کو اغوا کرکے بھی لے گئے۔واقعہ کے بعد لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔مسلح افراد اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے بعد ملزمان قریبی پہاڑوں میں فرار ہوگئے۔لیویز نے جاں بحق ہونے والے افراد اور زخمیوں کو سول ہسپتال مچھ منتقل کردیا۔جان بحق ہونے والے دو افراد کا تعلق کوئٹہ اور ایک کا فیصل آباد سے بتایا جاتا ہے ۔ جان بحق ہونے والے جمشید علی کوئٹہ کے مقامی اخبار کے رپورٹر بھی تھے۔ ایف سی اور لیویز نے ملزمان اور مغویوں کی بازیابی کیلئے رات گئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے مچھ کے قریب مسافر کوچوں پر فائرنگ کے واقعہ کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کمشنر نصیر آباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے وزیراعلیٰ نے قومی شاہراہوں پر دہشت گردی کے واقعات کی مکمل روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔