پاکستان

رمضان گفٹ کے نام سے سوشل میڈیا پر نوسرباز متحرک، شہری محتاط رہیں

سوشل میڈیا پر زیر گردش ایسے لنک اوپن کرنے پر شہریوں سے ان کی ذاتی معلومات مانگی جاتی ہیں اور پھر دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کا کہا جاتا ہے/ فائل فوٹو
 سوشل میڈیا پر زیر گردش ایسے لنک اوپن کرنے پر شہریوں سے ان کی ذاتی معلومات مانگی جاتی ہیں اور پھر دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کا کہا جاتا ہے/ فائل فوٹو 

رمضان المبارک کے دوران نو سربازوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ’رمضان گفٹ‘ کے نام سے کئی جعلی لنک گردش کر رہے ہیں جس کے حوالے سے سائبر سکیورٹی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ جعلی لنکس پر کلک کرکے اپنی ذاتی معلومات ہرگز نہ دیں۔ 

ماہرین کی جانب بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش ایسے لنک اوپن کرنے پر شہریوں سے ان کی ذاتی معلومات مانگی جاتی ہیں اور پھر دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کا کہا جاتا ہے۔ 

سائبر سکیورٹی ایکسپرٹس کے مطابق ایسے جعلی لنکس پر کلک کرنے اور اپنی ذاتی معلومات درج کرنے سے اکثر شہری سائبر کرائم کا شکار ہوجاتے ہیں، شہریوں کی ذاتی معلومات لے کر اسے مختلف پلیٹ فارمز پر بیچ دیا جاتا ہے جو مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال کی جا سکتی ہیں۔

 سائبر سکیورٹی ماہرین کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صارفین کو شکار بنانے کیلئے سائبر کرمنلز آئے دن نت نئے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں، رمضان المبارک میں اکثر لوگ قرآن پاک اور دیگر اسلامی ایپلی کیشنز موبائل فونز پر انسٹال کرتے ہیں اور حال ہی میں گوگل پلے اسٹور نے کچھ ایسی اسلامی ایپلی کیشنز اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دی ہیں، یہ ایپس صارفین کا ڈیٹا اکٹھا کررہی تھیں یا پھر صارفین کے موبائل میں کوئی وائرس ڈال رہی تھیں۔

ماہرین نے شہریوں کو رمضان المبارک کے دوران اسلامی ایپلی کیشنز انسٹال کرتے ہوئے بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی رمضان گفٹ کے متعلق گردش کرنے والے جعلی لنکس پر کلک کرنے اور اپنی ذاتی معلومات درج کرنے سے اجتناب کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو منع کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری ایسے جعلی لنکس دوسروں کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے، جتنا زیادہ ایسے لنکس شیئر کیے جائیں گے اتنے زیادہ لوگ سائبر کرائم کا شکار ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں :