پاکستان
Time 01 اپریل ، 2023

فواد چوہدری کا مریم اورنگزیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنیکا اعلان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے  وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔

گزشتہ روز فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کو جس انارکی میں دھکیل دیا گیاہے، حکمرانوں کو سمجھ نہیں آ رہا کہ اس بحران سے کیسے نکلنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  ظلِ  شاہ کیس میں لاہور پولیس ہماری ملزم ہے ، عدلیہ کے خلاف مہم کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے، سپریم کورٹ کا حکم نہ ماننے کی باتیں کرنے والوں کےخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی حمایت میں دیگر جماعتوں سے رابطہ کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔

اس کے علاوہ پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری نے  نواز شریف کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پاکستان کی عدلیہ کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔

 لیکن ساتھ ہی انہوں نے  مذاکرات کی حامی بھی بھرتے ہوئے کہا کہ  تحریک انصاف سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے حق میں ہے  لیکن تالی دو ہاتھوں سے بجتی ہے ، اگر کوئی سنجیدہ مذاکرات ہوتے ہیں تو ہم آگے چلیں گے ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے حالات ٹھیک کرنے ہیں تو انتقامی کارروائیوں سے آگے جا کر سوچنا ہوگا ، ہمیں نواز شریف کی واپسی پر کوئی اعتراض نہیں ۔

مزید خبریں :