Time 05 اپریل ، 2023
کھیل

پی ایس ایل میں شکست کا ذمہ دار صرف سرفراز اور معین خان کو قرار دینا درست نہیں، ندیم عمر

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چیئرمین ندیم عمر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں مسلسل شکست کی ایک نہیں، کئی وجوہات ہیں جس پر غور کیا جا رہا ہے، ایک دم سے کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہیتے، بیٹھ کر سوچ وبچار کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔

کراچی میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ندیم عمر نے کہا کہ مسلسل شکست کا ذمہ دار صرف کپتان سرفراز احمد اور کوچ معین خان کو قرار دینا درست نہیں، ماضی میں ان ہی دونوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کئی کامیابیاں دلائیں،  ہمیں ایک دم سے اپنے ہیروز کو بھولنا نہیں چاہیے ۔

ان کا کہنا تھا کہ کپتان سرفراز احمد بھی نہیں چاہیں گے کہ وہ اس موقع پر ہمیں چھوڑ کر جائیں۔

ندیم عمر نے بھی شکست کی بڑی وجہ سری لنکن اسپنر ہسارنگا کی عدم موجودگی کو قرار دیا اور بولے کہ اگر لاہورقلندرز کے راشد خان  بھی نہیں آتے تو شاید انہیں بھی بہت فرق پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ٖغلطیاں ہوئیں، وائلڈ کارڈ پر صائم ایوب کو لینے کا موقع تھا لیکن نسیم شاہ کی وجہ سے وہ ضائع ہوگیا۔

 ندیم عمر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو ریلیز کردیتے ہیں تاکہ ان کی فارم واپس آجائے،  انہوں نے کہا کہ اعظم خان اگرچہ کوئٹہ کی ٹیم میں شامل نہیں لیکن  وہ ہماری فیملی کا حصہ ہیں، ان کا نام عمر ایسوسی ایٹ کے ساتھ جڑا رہے گا۔

مزید خبریں :