10 اپریل ، 2023
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے بیٹر رِنکو سنگھ نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف آخری اوور میں لگا تار 5 چھکے مار کر جیت مخالف ٹیم کے جبڑوں سے چھین لی۔
گزشتہ روز احمد آباد میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور گجرات ٹائٹنز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں، گجرات نے پہلے کھیلتے ہوئے کولکتہ کو 205 رنز کا ہدف دیا۔
کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بھی پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب اچھے انداز میں شروع کیا لیکن میچ آخری اوور میں گجرات کے پلڑے میں جھکنے لگا۔
کولکتہ کو میچ کی آخری 5 گیندوں پر 28 رنز درکار تھے جبکہ اس کی 7 وکٹیں گر چکی تھیں، ایسے میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے بائیں ہاتھ کے بیٹر رِنکو سنگھ نے حیران کن طور پر گجرات کے بولر یش دیال کو آخری 5 گیندوں لگاتار 5 چھکے جڑ دیے اور اپنی ٹیم کو بظاہر ہارا ہوا میچ جتوا دیا۔
رِنکو سنگھ نے 21 گیندوں پر ناقابل شکست 48 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اس شاندار اننگز میں 6 چھکے شامل تھے۔
کولکتہ کے رِنکو سنگھ کے 5 چھکوں کو دیکھ کر شائقین کرکٹ کو 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں کھیلی گئی ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ کی اننگز یاد آگئی۔
بریتھ ویٹ نے انگلینڈ کے بین اسٹوکس کو آخری اوور میں لگاتار 4 چھکے مار کر ویسٹ انڈیز کو دوسری بار ورلڈ چیمپئن بنایا تھا۔