Time 10 اپریل ، 2023
پاکستان

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن کروانے کی قرارداد منظور

آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت پورے ملک میں تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات بیک وقت عام انتخابات کی صورت میں ہونا لازم ہے: قرارداد کا متن— فوٹو:فائل
آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت پورے ملک میں تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات بیک وقت عام انتخابات کی صورت میں ہونا لازم ہے: قرارداد کا متن— فوٹو:فائل

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن کروانے کی قرارداد منظور کرلی گئی۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قرارداد وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے پیش کی۔

قرارداد کے متن کے مطابق ایوان سمجھتا ہے کہ معاشی استحکام سیاسی استحکام  کے بغیر ممکن نہیں، اس ایوان کی رائے میں آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت پورے ملک میں تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات بیک وقت عام انتخابات کی صورت میں ہونا لازم ہے، مزید یہ کہ آرٹیکل 224 کے تحت جنرل انتخابات پورے ملک میں بیک وقت عام انتخابات غیر جانبدار نگران حکومتوں کی نگرانی میں کروائے جائیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان سمجھتا ہے کہ پنجاب کا صوبہ جس میں قومی اسمبلی کی نصف نشستیں آتی ہیں، اس صوبے میں باقی صوبوں اور قومی اسمبلی کے انتخابات سے پہلے الیکشن کروانے سے پنجاب کے انتخابی نتائج پورے ملک کے انتخابات پر اثرانداز ہوں گے، پنجاب میں پہلے انتخابات سے پورے ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا اور اس سے دیگر صوبوں کے لوگوں کا استحصال ہوگا لہٰذا ایوان قرار دیتا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن کروائے جائیں۔

بعدازاں  قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے 14 مئی کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات کرانے کا حکم دیا تاہم وفاقی کابینہ نے فیصلہ مسترد کردیا۔

مزید خبریں :