13 اپریل ، 2023
پشاورہائیکورٹ نے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن اسپتالوں کے بورڈ آف گورنرز کی تحلیل کا اعلامیہ معطل کردیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن اسپتالوں کے بورڈ آف گورنرز کی تحلیل کیخلاف کیس کی سماعت جسٹس عبدالشکور، جسٹس ارشد علی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت عالیہ کو بتایا نگران حکومت نے 16 مارچ کو کابینہ اجلاس میں 10 ایم ٹی آئی اسپتالوں کے بورڈز آف گورنرز تحلیل کرنے کی منظوری دی تھی جو الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 230 کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ نگران حکومت کا کام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا اور روزمرہ امور چلانا ہے مگر بدقسمتی سے نگراں حکومت کا جو کام نہیں ہے اسی میں ان کو دلچسپی ہے اور جو کام نگراں حکومت نے کرنا ہے وہ کام وہ کر ہی نہیں رہی۔
عدالت نے نگران حکومت کا ایم ٹی آئی بورڈ آف گورنرز کی تحلیل کے اعلامیہ کو معطل کرتے ہوئے نگران حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔
واضح رہے کہ محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے گزشتہ روز 10 اسپتالوں کے بورڈ آف گورنرز کی تحلیل کا اعلامیہ جاری کیا تھا جب کہ نگران صوبائی حکومت نے 16 مارچ کو کابینہ اجلاس میں تمام ایم ٹی آئی اسپتالوں کے بی او جیز کو تحلیل کرنے کی منظوری دی تھی۔