پاکستان
Time 16 اپریل ، 2023

سابق گورنر مقبوضہ کشمیر کے انکشافات پاکستانی مؤقف کی حمایت ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

بھارت کو پلوامہ حملے کے بعد علاقائی امن متاثر کرنے والے اقدامات کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے: پاکستان کا عالمی برادری سے مطالبہ۔ فوٹو فائل
بھارت کو پلوامہ حملے کے بعد علاقائی امن متاثر کرنے والے اقدامات کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے: پاکستان کا عالمی برادری سے مطالبہ۔ فوٹو فائل

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پلوامہ حملے سے متعلق سابق گورنر مقبوضہ کشمیر کا انکشاف پاکستانی مؤقف کی حمایت ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ردعمل جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ستیہ پال ملک کے پلوامہ حملے کے بیان نے پاکستانی مؤقف کی تصدیق کی ہے، پلوامہ حملے کے بارے میں تازہ ترین انکشافات پاکستانی مؤقف کی حمایت ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات سے اپنے شرمناک بیانیے اور سیاسی ایجنڈے کو فروغ دیتا ہے، امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری تازہ ترین انکشافات کا نوٹس لے گی، امید ہے کہ عالمی برادری پاکستان کے خلاف جھوٹ اور فریب پر مبنی بھارتی پروپیگنڈا مہم کا نوٹس لے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے بھارت کو تازہ ترین انکشافات میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے، بھارت کو پلوامہ حملے کے بعد علاقائی امن متاثر کرنے والے اقدامات کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے، پاکستان بھارت کے جھوٹے اور اشتعال انگیز بیانیے کے خلاف مضبوطی اور ذمہ داری سے کام کرتا رہے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پلوامہ حملے کا پہلے سے علم تھا، انہوں نے جان بوجھ کر بھارتی فوجیوں کو مرنے دیا۔

مزید خبریں :