Time 16 اپریل ، 2023
پاکستان

کراچی: شاہ لطیف تھانے سے مغویوں کی بازیابی کا معاملہ، ایس ایچ او معطل

واقعے میں ملوث پولیس میں چھپی تمام بھیڑوں کو سزا دی جائے گی: ایس ایس پی ملیر۔ فوٹو فائل
 واقعے میں ملوث پولیس میں چھپی تمام بھیڑوں کو سزا دی جائے گی: ایس ایس پی ملیر۔ فوٹو فائل

کراچی کے شاہ لطیف تھانے سے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے چھاپے کے دوران دو مغویوں کی بازیابی کے معاملے پر ایس ایچ او شاہ لطیف کو معطل کر دیا گیا۔

شاہ لطیف تھانے میں شہریوں کو اغوا کس نے کیا؟ پولیس سراغ لگانے میں تاحال ناکام ہے اور ایس ایچ او شاہ لطیف بھی لاعلم تھے کہ دو مغوی تھانے کیسے پہنچے۔

پولیس ذرائع کے مطابق شاہ لطیف میں ایک سب انسپکٹر کی پرائیویٹ پارٹی نے شہریوں کو اغوا کیا جبکہ اے وی سی سی نے مغویوں کو بازیاب کرا کے 4 اہلکاروں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا تھا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ملیر پولیس نے پولیس کی پرائیویٹ پارٹی کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے، اغوا کے کیس میں مخبروں کے خلاف منشیات کا مقدمہ درج کرکے خانہ پری کی گئی۔

جیو نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد پولیس حکام حرکت میں آئے اور حکام کا کہنا ہے کہ اغوا کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی ملیر حسن نیازی کا کہنا ہے کہ شاہ لطیف تھانے سے دو مغوی لڑکوں کی بازیابی کا واقعہ سامنے آنے پر ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن مظہر اعوان کو معطل کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سب انسپیکٹر محمد مٹھل کو ایس ایچ او شاہ لطیف تعینات کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ملیر سردار حسن نیازی کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاملےکی تحقیقات خود کر  رہا ہوں، واقعے میں ملوث پولیس میں چھپی تمام بھیڑوں کو سزا دی جائے گی۔

مزید خبریں :