16 اپریل ، 2023
کراچی میں شاہ لطیف تھانے پر اینٹی وائلینٹ کرائم سیل ( اے وی سی سی) نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ہمراہ چھاپہ مار کر تاوان کے لیے اغوا کیےگئے 2 کم عمر مغویوں کو بازیاب کرالیا۔
ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق مغوی خاندانوں کو تاوان کے لیے 50 لاکھ روپے کی کال موصول ہوئی تھی، اغوا کاروں نے تاوان کی رقم وصول کرنےکے لیے پہلے قائدآباد بلایا تھا، ملزمان نے مغویوں کے اہلخانہ کو دوسری بارشاہ لطیف کے علاقے میں بلایا۔
ایس ایس پی کے مطابق اغواکاروں کے 4 ساتھیوں نے جیسے ہی تاوان وصول کیا انہیں پکڑلیا گیا،گرفتار ملزم کی نشاندہی پر شاہ لطیف تھانے میں چھاپہ مارا گیا جہاں دونوں مغوی تھانے کے اندر ایک کمرے میں موجود تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہےکہ واقعے میں ملوث کسی بھی اہلکار یا افسر کو رعایت نہیں دی جائےگی، قانونی اور محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔