18 اپریل ، 2023
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنی جارحانہ اننگز سے پاکستان کو جیت کے قریب لانے والے افتخار احمد کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
پیر کو کھیلے گئے 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 164 رنز کا ہدف دیا، ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کا آغاز مایوس کن رہا اور آدھی ٹیم 55 رنز پر پویلین لوٹ گئی پر ایسے میں افتخار احمد نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی۔
8 ویں وکٹ کی شراکت میں افتخار اورفہیم اشرف نے پاکستان کو جیت کی امید دلائی لیکن پھر فہیم اشرف 27 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے پھر افتخار احمد چھکا اور چوکا لگا کر گرین شرٹس کو جیت کے قریب لے آئے لیکن پھر اوور کی چوتھی گیند پر وہ کیچ آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد آخری گیند پر حارث رؤف بھی کیچ دے بیٹھے اور یوں پاکستان ٹیم 159 پر ڈھیر ہوگئی۔
گرین شرٹس کو 4 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، سیریز میں گرین شرٹس کو 1-2 کی برتری حاصل ہے۔
افتخار احمد نے 24 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
شاہد آفریدی نے افتخار کی جارحانہ اننگز پر سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے افتخار احمد کی تعریف کر ڈالی۔
سابق کپتان نے لکھا کہ' افتخار آپ میرے لیے چاچا نہیں، بلکہ بوم بوم ہو، لیکن میری خواہش تھی کہ آپ میچ کو جیت کے ساتھ ختم کرتے اور یہ آپ کی ایک یادگار اننگز ہوجاتی'۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ' مجموعی طور پر اچھا کھیل ہوا، مداح کافی لطف اندوز ہوئے، نیوزی لینڈ کا پاکستان کا دورہ کرنے پر شکریہ'۔
واضح رہے کہ افتخار احمد کو چا چا کے لقب سے بھی پکارا جاتا ہے۔
افتخار احمد نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ بابر اعظم نے ایک مرتبہ زمبابوے کے دورے پر مجھے چاچائے کرکٹ کہا جو اسٹمپ مائیک میں سب نے سنا، بابر اعظم نے میرے کہنے پر فیلڈنگ تبدیل کی اور اس پر وکٹ مل گئی تھی، بابر اعظم نے کہا کہ آپ چاچائے کرکٹ ہو،جب میچ ختم ہوا تو ہر طرف چاچا کرکٹ کی آواز آرہی تھی، مجھے سمجھ نہیں آیا کہ کیا ہوا، مجھے میرے دوست نے بتایا کہ مائیک پر سب نے سنا ہے۔