کھیل
Time 18 اپریل ، 2023

پاکستانی ٹیم میں لڑکے فیل ہونے کے ڈر سے نہیں، جیتنے کیلئے کھیل رہے ہیں: فہیم اشرف

نیوزی لینڈ کے خلاف تیسری ٹی ٹوئنٹی میں محض 14 گیندوں پر 27 رنز بنانے والے فہیم اشرف نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں لڑکے  فیل ہونے کے ڈر سے نہیں، جیتنے کے لیے کھیل رہے ہیں۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں قومی آل راؤنڈر نے کہا کہ افتخار احمد کے ساتھ یہی گفتگو کی تھی کہ ہم نے باؤنڈریز کی کوشش کرنی ہے، پیچھے وکٹس نہیں تھیں تو ہمیں ہر اوور میں ایک سے دو باؤنڈریز نکالنی تھیں۔

فہیم اشرف نے کہا کہ وکٹس پیچھے نہ ہونے پرمشکل تو ہوتی ہے لیکن کریز پر ریلیکس ہوجاتے ہیں، افتخار احمد کے ساتھ بھی یہی بات ہوئی کہ ہم دو ہی ہیں اور میچ فنش کرنا ہے، ہم نے یہ نہیں سوچنا کہ پیچھے کوئی ہے یا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے ماحول اور اس کے اعتماد کی بدولت ہی ایسا ممکن ہوتا ہے،پاکستان ٹیم میں لڑکے فیل ہونے کے ڈر سے نہیں، جیتنے کے لیے کھیل رہے ہیں۔

فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل اور لیگ کرکٹ میں چیلنج مختلف ہوتا ہے، ورلڈ کلاس ٹیمیں سامنے ہوتی ہیں،کوشش ہے آخری دو میچزز جیتیں اور سیریز اپنے نام کریں۔

کرکٹر نے کہا کہ کراؤڈ کی وجہ سے ہی پاکستان کرکٹ ٹیم اتنا اچھا کرکٹ کھیلی ہے۔

واضح رہے کہ 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دی۔

نیوزی لینڈ کے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 159 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اس شکست کے باوجود گرین شرٹس کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

 8 ویں وکٹ کی شراکت میں افتخار اورفہیم اشرف نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں تاہم فہیم اشرف 27 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

مزید خبریں :