پشاور کا پہلا ‘میل مہندی آرٹسٹ’ جس کی مہارت دیکھ کر خواتین بھی حیران

مہندی کے بغیر خواتین کی ہر تقریب نامکمل ہے، پھر چاہے وہ شادی بیاہ کے معاملات ہوں یا عید جیسا تہوار  لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اب یہ آرٹ نوجوانوں میں بھی خاصہ مقبول ہورہا ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ اب میل آرٹسٹ بھی سامنے آرہے ہیں جو مہارت سے مہندی لگاتے ہیں۔

کراچی اور لاہور میں تو متعدد میل مہندی آرٹسٹ ہیں لیکن آج ہم آپ کو پشاور کے پہلے میل مہندی آرٹسٹ سے ملوانے جارہے ہیں جو کم عمر ہیں لیکن ان کا آرٹ کئی سالوں کا تجربہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔

16 سالہ محمد حنان علی گیارہویں جماعت کے طالبعلم ہیں، جنہوں نے جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ انہیں مہندی میں بچپن سے ہی کافی دلچسپی تھی اور وہ اسے لگانے کا شوق بھی رکھتے تھے جس کے بعد انہوں نے شیشے پر مہندی سیکھنا شروع کی۔

حنان علی نے بتایا کہ 'میں 8 برس کا تھا تب سے مہندی لگا رہا ہوں، یعنی مجھے مہندی لگاتے ہوئے 8 برس ہوچکے ہیں اور میں پشاور کا پہلا پروفیشنل مہندی آرٹسٹ ہوں، مہندی لگانے کا جب شوق ہوا تو میں نے شیشے پر ڈیزائنز بنانا شروع کردیے اور پتا ہی نہیں چلا کب خواتین کے ہاتھوں پر مہندی لگانے کا آغاز کردیا'۔

جیو ڈیجیٹل سے گفتگو میں حنان نے کہا 'میں دلہنوں کے بھی مہندی لگاتا ہوں اور کافی دور دراز کے علاقوں سے خواتین مجھ سے فون کرکے وقت لیتی ہیں'۔

مہندی کی قیمتیں:

مہندی لگانے کے ریٹس سے متعلق حنان علی نے کہا 'اگر سادہ ڈیزائن ہو تو ایک طرف کے 500 روپے ہوتے ہیں، جیسے جیسے ڈیزائن بڑھتا جائے گا اس لحاظ سے پیسوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے'۔

برائیڈل مہندی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 'اس کے ریٹس 8000 سے شروع ہوتے ہیں، اس کے لیے بھی ڈیزائن اہمیت رکھتے ہیں، کچھ دلہنیں ہلکی مہندی لگواتی ہیں اور کچھ بھری ہوئی لگوانا پسند کرتی ہیں، برائیڈل مہندی میں ہاتھوں کی چاروں طرف اور دونوں پاؤں شامل ہوتے ہیں'۔

لوگ اپنے گھر بھی بلاتے ہیں: مہندی آرٹسٹ

انٹرویو کے دوران حنان علی نے بتایا کہ 'مجھے لوگ اپنے گھر مہندی لگوانے بھی بلاتے ہیں، کسی کے گھر کوئی تقریب ہو تو مجھے فون کرکے بلایا جاتا ہے'۔

مہندی کے اچھے رنگ کیلئے ٹپس:

حنان کا کہنا ہے کہ مہندی کا اچھا رنگ لانے کے لیے مختلف سیرمز استعمال کیے جاتے ہیں، اس کے علاوہ دیسی ٹوٹکے بھی استعمال کرتے ہیں جن میں چینی پانی میں گھول کر لگائی جاتی ہے، اس کے علاوہ لیموں بھی لگایا جاسکتا ہے۔

کن چیلنجز کا سامنا کیا؟

جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کے دوران مہندی آرٹسٹ نے کہا کہ 'مجھ پر بہت سے لوگوں نے تنقید کی لیکن میں نے ان پر زیادہ دھیان نہیں دیا، میرا مشورہ یہ ہی ہے کہ لوگ آپ پر تنقید کرتے ہیں ، برا بھلا کہتے ہیں لیکن اگر آپ ان کی جانب سے توجہ ہٹا لیں تو زندگی میں بہت آگے نکل سکتے ہیں'۔

مزید خبریں :