23 دسمبر ، 2012
بہاولپور … سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ نئے صوبے بنائے جائیں، پیپلزپارٹی صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے، امن و امان کا مسئلہ بنا کر الیکشن ملتوی کرانا ملک کی بد قسمتی ہوگی، بشیر بلور کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ بہاولپور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ انتخابات اپنے مقرر وقت پر ہوں گے، ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں، امن و امان کا مسئلہ بنا کر انتخابات وقت پر نہ ہونا ملک کی بدقسمتی ہوگی، دنیا میں جہاں جنگیں ہورہی ہیں وہاں بھی الیکشن ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات میں دھاندلی نہ ہو تو پیپلز پارٹی کو کوئی نہیں ہراسکتا، پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہر دور میں دھاندلی ہوئی ہے، امن و امان کی خراب صورت حال کے باعث انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنا نہیں چاہتے، کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ نئے صوبے بنائیں جائیں۔ سابق وزیر اعظم نے بشیر احمد بلور کی شہادت سے متعلق کہا کہ یہ ملک کا بہت بڑا نقصان ہے، بشیر احمد بلور کا قتل ایک شخص کا نہیں پوری انسانیت کا قتل ہے۔