23 دسمبر ، 2012
ڈیرہ اسماعیل خان … ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن پولیس کی جانب سے ایک شخص پر مبینہ تشدد کے خلاف شہریوں نے تھانے پر دھاوا بول دیا، مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق درابن پولیس اہلکاروں نے ایک شہری رحمان کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد شہریوں نے تھانے پر دھاوا بول دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانے پر دھاوا بولنے والے مظاہرین پر پولیس نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ مظاہرین کا الزام ہے کہ درابن پولیس نے بلاوجہ رحمان کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اضافی نفری بھی طلب کرلی ہے۔