23 اپریل ، 2023
بھارتی پہلوانوں نے دوبارہ دارالحکومت نئی دلی میں احتجاج شروع کر دیا ہے اور نامور پہلوانوں کا کہنا ہے کہ ریسلنگ فیڈریشن کے چیف کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق احتجاج کرنے والوں میں خواتین پہلوان بھی شامل ہیں، احتجاج کرنے والے پہلوانوں کا کہنا ہے کہ شنوائی اور مطالبات پورے ہونے تک کھانا پینا سونا احتجاج میں ہو گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ونیش پھوگت ، بجرنگ پونیا اور سکشی ملک جیسے نامور پہلوانوں کی سربراہی میں رواں برس جنوری میں بھی احتجاج ہوا تھا، ٹاپ بھارتی ریسلرز نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے چیف اور دوسرے ٹرینرز پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا اور انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ حکومت معاملے کی تحقیقات کرے گی اور ایکشن لے گی جبکہ رپورٹ کو بھی پبلک کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب پھر مردو خواتین پہلوان سینٹرل دلی میں احتجاج کر رہے ہیں، احتجاج کرنے والوں میں شامل 7 خواتین پہلوانوں نے پولیس اسٹیشن میں تازہ درخواست جمع کرائی ہے جس میں فیڈریشن چیف برج بھوشان شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا گیا ہ۔
پہلوان سکشی ملک نے تحقیقاتی رپورٹ کو پبلک نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا جبکہ احتجاج کرنے والے دیگر پہلوانوں کا کہنا ہے کہ خواتین ریسلرز کے ریکارڈ کیے گئے بیانات پر مشتمل رپورٹ جاری کی جائے، یہ حساس معاملہ ہے ایک کم عمر لڑکی بھی شامل ہے اس لیے نام ظاہر نہ کیے جائیں۔
بھارتی پہلوان بجرنگ پونیا کا کہنا ہے کہ جب تک برج بھوشان کو گرفتار نہیں کیا جاتا احتجاج جاری رہے گا۔