پاکستان
Time 24 اپریل ، 2023

وزیراعظم نے کبل دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی، دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم

دہشت گردی کی لعنت کو سکیورٹی فورسز اور پولیس جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی: شہباز شریف۔ فوٹو فائل
دہشت گردی کی لعنت کو سکیورٹی فورسز اور پولیس جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی: شہباز شریف۔ فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم نے واقعے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے واقعے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد دینے کی ہدایت بھی کی۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام سے کبل دھماکے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا دہشت گردی کی لعنت کو سکیورٹی فورسز اور پولیس جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی۔

یاد رہے کہ سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے میں 12 پولیس اہلکار جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔

مزید خبریں :