22 فروری ، 2012
کراچی…راجہ کامران…پاکستان اسٹیل کا بورڈ آف ڈائریکٹرز خام لوہے کی خریداری کا فیصلہ کرنے میں ناکام رہا ہے جبکہ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز فضل اللہ قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت ،پاکستان اسٹیل چلانے میں دلچسپی نہیں رکھتی ہے۔ پاکستان اسٹیل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس چیئرمین فضل اللہ قریشی کی صدارت میں ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس میں ایران پر امریکی پابندیوں کے بعد آئرن اوور کی اسپاٹ خریداری کے لئے دیگر آپشنز کا جائزہ لیا گیا مگر اجلاس میں بورڈ کے اراکین کے درمیان تلخ کلامی کی وجہ سے کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ پاکستان اسٹیل کو خام مال کی قلت کا سامناہے جس کی وجہ سے اسے ماہانہ ایک ارب روپے کا خسارہ ہورہا ہے۔ اجلاس کے بعد جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے فضل اللہ قریشی کا کہنا تھا کہ حکومتی اعلان کردہ بیل آوٴٹ پیکیج تاحال نہیں ملا ہے اور یوں لگتا ہے کہ حکومت، پاکستان اسٹیل کو چلانے میں دلچسپی نہیں رکھتی ہے۔ وزیر اعظم، اعلان کے باوجود چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی نہیں کرسکے جبکہ بورڈ میں بھی چار اراکین کی کمی کوبھی پورا نہیں کیا جارہا ہے۔